378

موجودہ حکومت ملک میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے نہایت سنجیدہ ہے:گورنر پنجاب

موجودہ حکومت ملک میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے نہایت سنجیدہ ہے:گورنر پنجاب
یونیک گروپ اپنے ادارے میں کام کرنے والے مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کا شریک ہے ۔ چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم

لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر) یونیک گروپ اف انسٹی ٹیویشن اور وزارت انسانی حقوق و اقلیتی امور کے اشتراک سے مسیحی بھائیوں سے یکجہتی کے اظہار کے لئے گورنر ہاوس لاہور میں کرسمس کی ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جانب اس تقریب سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے نہایت سنجیدہ ہے جس سے نہ صرف انہیں سماجی اورمعاشی حقوق حاصل ہو سکیں گے بلکہ وہ سیاسی حقوق کے حصول سے سیاست میں بھی بھرپور کردار ادا کرسکیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس لاہور میں یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز اور وزارت انسانی حقوق و اقلیتی امور کے اشتراک سے کرسمس ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پریقین رکھتی ہے اوریہی وجہ ہے کہ اب ملک میں تمام مذاہب کے پیروکار اپنی مذہبی اور سماجی روایات کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے برعکس اگر پڑوسی ملک بھارت پر نظر ڈالی جائے تو صورت حال یکسر مختلف ہے اور بھارت جو ہمیشہ جمہوری ریاست ہونے کا دعویدار رہا ہے میں نہ صرف انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں بلکہ وہاں اقلیتی برادری بھی محفوظ نہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر وادی کشمیر پر نظر ڈالی جائے تو اقلیتوں کے متعلق بھارت کا مزموم چہرہ کھُل کر بے نقاب ہو چکاہے اس سے اقلیتوں کے حوالے سے بھارتی حکومت کی پالیسی کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اسلامی تعلیمات کو مدَ نظر رکھتے ہوئے امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے خصوصی کردار ادا کرنا چاہیئے جس سے ملک میں سماجی اقدار اور روایات کو فروغ حاصل ہو گا۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کرسمس کے پر وقار موقع پرمیں مسیحی برادری کوپیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ ملک کی سماجی اور معاشی آسودگی اور خوش حالی میںاپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی اقلیتوں کے حقوق اور ان کی سماجی حیثیت کو خصوصی طور پر وضع کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے آئین میں بھی اقلیتوں کووہ تمام سماجی ،معاشی اور سیاسی حقوق حاصل ہیں جومسلمانوںکو حاصل ہیں۔ گورنر پنجاب نے کرسمس کے حوالے سے پُر وقار تقریب کے انعقاد پر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنزکا شکریہ ادا کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹن نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں جس طرح انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے اس کی تاریخ میں کہیں مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر معاشرے میں اقلیتوں کو بھی دوسرے شہریوں کی طرح حقوق حاصل ہوتے ہیں اور یہ ریاست کے اولین فرائض میں شامل ہے کہ وہ اقلیتوں کو ان کے حقوق دلوائے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ یونیک گروپ دیگر تقریبات کی طرح کرسمس کے تہوار کو بھی جوش و خروش کے ساتھ مناتا ہے اور یونیک گروپ اپنے ادارے میں کام کرنے والے مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کا شریک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز میں طلبا کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے جس کا مقصد پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک بنانا ہے ۔تقریب میں صوبائی وزرا ء ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے مہمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی